الازہر گریجوایٹس تنظیم کا انتہا پسندی کے خلاف تسلسل، غیر ملکی طلبہ کے لیے ورکشاپس کا انعقاد
ڈاکٹر ہد ہد : میلاد النبی ﷺ نہ منانا سخت گیر تکفیری سوچ کی بنیاد ہے عالمی تنظیم برائے الازہر گریجوایٹس نے اپنے مرکزی دفتر قاہرہ میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے غیر ملکی طلبہ کے لیے “تکفیری فکر کی بنیادیں” کے موضوع پر ایک ورکشاپ منعقد کی۔ اس میں بین الاقوامی تنظیم برائے الازہر گریجویٹس کے علمی مشیر اور الازہر یونیورسٹی کے سابق صدر ڈاکٹر ابراہیم الہدہد نے لیکچر دیا ڈاکٹر الہدہد نے اپنی گفتگو میں کہا کہ موجودہ دور کی بعض سلفی جماعتوں کے افراد سخت مزاج اور کم علمی کا شکار ہیں۔ وہ صرف انہی نصوص پر زور دیتے ہیں جو ان کے انتہا پسندانہ نظریات کی تائید کریں، اور باقی نصوص یا عقل و فہم کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کے فکر کی نمایاں علامتوں میں سے ایک میلاد النبی ﷺ کے جشن کو بدعت کہہ کر رد کرنا ہے۔ حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ میلاد منانا عبادت ہے، نہ کہ عادت، کیونکہ یہ نبی کریم ﷺ سے محبت کا اظہار ہے، اور محبت ایمان کی تکمیل کی شرط ہے۔ انہوں نے مثال دی کہ خود نبی اکرم ﷺ نے اپنے یومِ ولادت (پیر کے دن) کا روزہ رکھ کر اس دن کی یاد منائی۔ مزید کہا کہ یہ سخت گیر لوگ تکفیر کے دائرے کو بھی وسیع کر دیتے ہیں اور دعویٰ کرتے ہیں کہ جو معاشرے شرعی حدود نافذ نہیں کرتے وہ کافر ہیں۔ حالانکہ حدود کے نفاذ کے لیے فقہی طور پر نہایت باریک شرائط ہیں جن کا پورا ہونا مشکل ہوتا ہے۔ حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ نے قحط کے سال (عام الرمادہ) میں چوری کی سزا کا نفاذ روک دیا تھا۔ یہ حد معطل نہیں کی گئی تھی بلکہ اس وجہ سے عمل نہ ہوا کہ اس کے نفاذ کی شرائط موجود نہ تھیں۔ ڈاکٹر الہدہد نے مزید کہا کہ نبی اکرم ﷺ نے خود ہدایت دی کہ حدود کو شبہات کے ذریعے ٹالا جائے۔ یہی اصول آج کے قوانین میں بھی جھلکتا ہے جہاں ثبوت و قرائن کی بنیاد پر فیصلے کیے جاتے ہیں، جو دراصل مقاصدِ شریعت کے عین مطابق ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ عصرِ حاضر میں مصنوعی ذہانت کے ذریعے ویڈیوز اور ثبوتوں کو بدل کر غلط طور پر پیش کرنے کا بڑا خطرہ موجود ہے، اس لیے انتہا پسند عناصر ایسے حالات میں مزید گمراہ کن پروپیگنڈہ کر سکتے ہیں۔ یہ ورکشاپ اس سلسلے کی ایک کڑی ہے جس کے ذریعے تنظیم غیر ملکی طلبہ میں انتہا پسندانہ فکر کو ختم کرنا اور اعتدال پسند ازہری فکر کو فروغ دینے کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے