غیر ملکی طلبہ کے لئے الازہر گریجوایٹس تنظیم میں ورکشاپ “ڈاکٹر العواری: سیرتِ نبوی اقدار و فضائل کا سرچشمہ ہے”
عالمی تنظیم برائے الازہر گریجوایٹس نے اپنے مرکزی دفتر قاہرہ میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے غیر ملکی طلبہ کے لئے ایک ورکشاپ منعقد کی جس کا عنوان تھا: “سیرتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا نیا مطالعہ”۔ اس میں جامعہ ازہر کے سابق ڈین کلیہ اصول الدین پروفیسر ڈاکٹر عبد الفتاح العواری نے لیکچر دیا ۔ ورکشاپ کے دوران ڈاکٹر العواری نے کہا کہ سیرتِ نبوی زندگی کے ہر شعبے میں مسلسل نصیحتوں اور عبرتوں کا سرچشمہ ہے۔ آپ کے اعمال و افعال کی پیروی ہی کامیابی اور تقویٰ کا راستہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عصرِ حاضر میں سب سے زیادہ ضروری پہلو یہ ہے کہ حضور اکرم ﷺ کا اپنے اہلِ خانہ اور دوسروں کے ساتھ حسنِ سلوک کو اجاگر کیا جائے، کیونکہ یہی مضبوط معاشرے کی بنیاد اور خاندان کو بکھرنے سے بچانے کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے رسول اللہ ﷺ کی ان تعلیمات کی طرف بھی توجہ دلائی جن میں بچے کی درست پرورش اور متوازن تربیت کی تلقین کی گئی ہے۔ مزید کہا کہ اسلام نے عورت کو عزت و وقار بخشا، اسے ہر طرح کی غلامی سے آزاد کیا اور مرد و عورت کے درمیان امتیاز کو ختم کر دیا۔ بلکہ بعض مواقع پر عورت کو ترجیح دی گئی، جیسا کہ قرآنِ کریم نے اس کی وضاحت کی ہے۔ آخر میں ڈاکٹر العواری نے نبی کریم ﷺ اور صحابہ کرامؓ کی چند زندگی کے واقعات بیان کیے، جو سچائی، امانت، اخلاص، حسنِ اخلاق، صبر اور دوسروں کو برداشت کرنے جیسے اوصاف کی عملی تصویر ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہی اقدار متوازن مسلمان شخصیت کی تعمیر میں بنیادی ستون کی حیثیت رکھتی ہیں۔